بنگلورو،29/اپریل(ایس او نیوز) بی ڈی اے چیرمین اور رکن اسمبلی ایس ٹی سوم شیکھر کے ذریعے طلبا کردہ ہم خیال اراکین اسمبلی کا اجلاس اچانک ملتوی کردیاگیا۔ بتایاجاتا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ سدرامیا اور اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال کی ہدایت پر یہ اجلاس ملتوی کیا گیا ہے۔ وزارت سے محروم سوم شیکھر نے بی ڈی اے چیرمین کا عہدہ ملنے کے بعد بھی مخلوط حکومت کے رویے پر برسر عام برہمی کا اظہار کیاتھا۔ لوک سبھا انتخابات کے نتائج آنے سے پہلے ہی انہوں نے منگل کو کانگریس پارٹی کے ہم خیال اراکین اسمبلی کا اجلاس طلب کیا تھا جس سے سیاسی حلقوں میں کئی قیاس آرائیوں کا آغاز بھی ہوچکا تھا۔ اب کانگریس قائدین نے انہیں بتایا ہے کہ ایک طرف جہاں دو اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات ہورہے ہیں تو وہیں لوک سبھا انتخابات کے نتائج قریب ہیں، ایسے میں اس طرح کے اجلاس سے غلط تاثر پیدا ہوگا۔ جس کے پیش نظر اجلاس کو ملتوی کردیا جائے۔ یہ بھی کہا جارہا تھا کہ اس اجلاس کے ذریعے سوم شیکھر مخلوط حکومت کے خلاف گروپ بندی کا آغاز کردیں گے اور سدرامیا کو دوبارہ وزیراعلیٰ بنانے کی تحریک کی بنیاد رکھیں گے۔ کانگریس پارٹی نے اپنے اراکین اسمبلی کو ہدایت دی ہے کہ ضمنی انتخابات مخلوط حکومت کے وجود کی برقراری کے لئے کافی اہمیت کے حامل ہیں ایسے میں اس طرح کے اجلاس منعقد نہ کئے جائیں اور پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لئے جدوجہد کی جائے۔ اجلاس کے ملتوی ہونے کی تصدیق خود ایس ٹی سوم شیکھر نے کی ہے۔ اور بتایاکہ عنقریب نئی تاریخ مقرر کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ اس اجلاس کا مقصد موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہئ خیال تھا۔